موٹروے پولیس نے49جانوں کو محفوظ بنا لیا

مسافر بس کے ٹائر میں آگ بھڑک اٹھی ،پٹرولنگ آفیسرز نے فوری رکوایا 
لاہور(کرائم رپورٹر)موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے ایک مرتبہ پھر بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے 49 قیمتی جانوں کو محفوظ بنا لیاسید عمران احمد ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق ایم-4 موٹروے پر چک جھمرہ کے قریب ایک مسافر بس کے ٹائر میں رگڑ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی پٹرولنگ آفیسرز نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر چلتی ہوئی بس کو رکوایا اور تمام 49 مسافروں، بس کے عملے اور ان کے سامان کو بحفاظت باہر منتقل کر دیاموٹروے پولیس کے جوانوں نے اپنی پٹرول گاڑی میں موجود آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ بعد ازاں فائر ٹینڈر کی مدد سے صورتحال کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا گیا ترجمان سنٹرل ریجن نے بتایا کہ موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث قیمتی انسانی جانیں، بس اور مسافروں کا سامان بڑے نقصان سے محفوظ رہا، جبکہ متبادل انتظامات کے ذریعے تمام مسافروں کو ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیامسافروں اور بس عملے نے موٹروے پولیس کے افسران کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور انسان دوست رویے کو بھرپور انداز میں سراہا۔