موٹروے پولیس نے سامان چوری کی کوشش ناکام بنا دی،2 ملزم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس نے ایم فائیو پر انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (آئی ٹی ایس) کے قیمتی سامان کی چوری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اوچ شریف کے قریب بروقت کارروائی میں دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت وقاص اسلم اور حضور بخش، ساکنان ملتان، کے نام سے ہوئی۔ کارروائی کے دوران چوری شدہ سولر پینل، برقی کیبل، بریکر، دیگر آئی ٹی ایس سامان اور قیمتی حفاظتی باڑ بھی برآمد کر لی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے سابقہ چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔ گرفتار ملزمان، برآمد سامان اور گاڑی کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔