افغان کاروباری خواتین کی کارکردگی مردوں سے بہتر ہے، عالمی بینک

روزگار کے مواقع بڑھانے اور سرمایہ کاری میں مردوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
کابل(آئی این پی )عالمی بینک نے کہا ہے کہ پابندیوں کے باوجود افغانستان میں خواتین کے زیرانتظام کاروبار مردوں کے کاروبار کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق عالمی بینک نے افغانستان کے حوالے سے مالی سال 2025 اور 2026 کی ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں افغانستان میں کاروباری شعبے سے متعلق کے سروے شامل کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اکائیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ کاروبار جو خواتین چلاتی ہیں، انہوں نے اشیا کی فروخت، روزگار کے مواقع بڑھانے اور سرمایہ کاری میں مردوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔سروے میں وہ کاروبار شامل کیے گئے ہیں، جن میں ملازمین کی تعداد پانچ یا اس سے زائد ہے۔ سروے میں مینوفیکچرنگ اور تعمیرات کی بنیادی صنعتیں شامل کی گئی ہیں جو افغانستان کی نجی صنعتوں کا بالترتیب 27 اور 19 فیصد ہیں۔عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025 اور 2026 میں مردوں کے زیر انتظام کاروبار کی سیل 14 فیصد کے مقابلے میں خواتین کے زیر انتظام کاروبار کی سیل میں 21 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔