مزید 213 نجی سکول سیل کرنے کی تیاری

کریک ڈا ئون مزید سخت کرنے کا فیصلہ ،744 نجی سکولوں کو رجسٹریشن کرانے کیلئے حتمی وارننگ جاری :سی ای او
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کریک ڈا ئون مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے مزید 213 نجی سکولوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سمری ارسال کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے رجسٹریشن نہ کروانے والے مزید 213 نجی سکولوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سفارشات ارسال کر دی ہیں۔ اس سے قبل بھی 30 غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کو سیل کیا جا چکا ہے، جبکہ رجسٹریشن نہ کروانے والے سینکڑوں دیگر سکول بھی انتظامیہ کی نگرانی میں ہیں۔سی ای او ایجوکیشن لاہور طارق محمود کا کہنا ہے کہ شہر بھر کے 744 نجی سکولوں کو رجسٹریشن مکمل کرانے کے لیے پہلے ہی حتمی وارننگ جاری کی جا چکی ہے۔حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے تمام غیر رجسٹرڈ سکولوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور کسی بھی ادارے کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایجوکیشن اتھارٹی کا م ئوقف ہے کہ نجی سکولوں کی رجسٹریشن کا مقصد تعلیمی معیار، طلبہ کی حفاظت اور قانونی تقاضوں کو یقینی بنانا ہے۔