پی ٹی آئی کا وفاقی حکومت سے کے پی حکومت کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کرنے کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا وفاقی حکومت سے کے پی حکومت کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ دہشتگردی ایک ناسور ہے جسے ہر حال میں جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت گڈ گورننس میں اعلیٰ مقام رکھتی ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے۔ بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا جماعت نہیں، اور یہ کہنا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں تعاون نہیں کر رہی، حقیقت کے برعکس ہے۔اس موقع پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قومی پالیسی آئندہ 5 سے 10 سال کے لیے دہشتگردی کے خلاف اقدامات پر مبنی ہوگی اور ان کا پیغام یکجہتی اور پاکستان کے امن کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ پورے کے پی کے عوام دہشتگردی کے خاتمے کے مطالبہ پر زور دے رہے ہیں، اور وفاقی حکومت کو صوبائی اسمبلی کو اعتماد میں لے کر سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان وہ ہے جہاں آئین و قانون کی عملداری ہو، اور نوجوانوں کو روزگار اور امید فراہم کی جائے۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے زور دیا کہ جماعت پُرامن ہے اور اداروں و عوام کے درمیان ہم آہنگی قائم ہونی چاہیے۔