لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پنجاب اور سندھ کی گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی۔وفد میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، سندھ گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن، کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن، لوکل گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، سپریم کونسل آف ٹرانسپورٹرز، آل پاکستان ٹرک ٹریلر اونرز ایسوسی ایشن، آل پاکستان گڈز مزدا اونرز ایسوسی ایشن، ہاف باڈی ٹریلر اینڈ ڈمپر کمیٹی اور ٹرانسپورٹ کیریئر ایسوسی ایشن کے نمائندگان شامل تھے۔وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے متعارف کردہ ٹریفک اصلاحات اور اقدامات کے ویڑن کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شہزاد اعوان نے آئی جی پنجاب کو ٹرانسپورٹرز کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ٹرانسپورٹرز کمیونٹی کے جائز مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ دورانِ سفر انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں اور گاڑیوں کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کرنے سے چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔ بہتر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ حادثات سے بچاؤ کیلئے اوور لوڈنگ کے خاتمے، جعلی نمبر پلیٹوں کے انسداد، گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس اور ٹرک ڈرائیورز کی باقاعدہ سکولنگ کو یقینی بنایا جائے۔ سنگین ٹریفک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کا قانونی کارروائی کیلئے خود کو پولیس کے سامنے پیش کرنا ازحد ضروری ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ پیش آنے والے جرائم کی ایف آئی آرز کا فوری اندراج اور جلد از جلد ریکوری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل کو مزید آسان اور بہتر بنا دیا گیا ہے جبکہ چالاننگ، جرمانوں، ایف آئی آرز اور گاڑیوں کی بندش سے متعلق ٹرانسپورٹرز کے تحفظات بھی دور کئے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سڑکوں پر ٹرکوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کی غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کیلئے ٹرانسپورٹرز تمام اضلاع میں سٹینڈز کی باقاعدہ جگہ مختص کریں۔آئی جی پنجاب نے ٹرانسپورٹرز کو کسٹم اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ملاقات کے دوران پنجاب پولیس اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مسائل کے حل کیلئے باہمی افہام و تفہیم سے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے پر اتفاق رائے کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب محمد کامران خان اور ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارا، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر، سی ٹی او لاہور ڈی آئی جی ڈاکٹر اطہر وحید، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی سمیت دیگر سینئر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔