پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ ہونے والی سہ ملکی سیریز لاہور اور کراچی منتقل کر دی گئی ہے۔
یہ سیریز 8 فروری سے شروع ہو گی، اور پہلے یہ ملتان میں کھیلنے کا منصوبہ تھا۔ اب اس سیریز کے میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔سیریز کا انعقاد پی سی بی کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ وہ اپنے اپ گریڈ شدہ اسٹیڈیمز میں میچز کی میزبانی کر سکے۔ لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز میں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، اور پی سی بی کے حکام نے واضح کیا ہے کہ دونوں اسٹیڈیمز کی اہم اپ گریڈیشن کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد یہ اسٹیڈیمز کرکٹ میچز کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں گے۔اس سیریز کی خاصیت یہ ہے کہ 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی بھی لاہور اور کراچی میں ہی کھیلی جائے گی۔
پی سی بی نے اپنے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام جنوری کے آخری ہفتے تک مکمل ہو جائے گا، جبکہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا کام ابھی جاری ہے۔کراچی میں انگلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ شیڈول کیا گیا تھا، تاہم اب یہ میچ ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے حالیہ دورے پر بھی دو ٹیسٹ میچز ملتان میں کھیلے گئے۔ پی سی بی حکام نے بتایا کہ دونوں اسٹیڈیمز کی مکمل اپ گریڈیشن کے بعد ان کی میزبانی میں مزید کرکٹ میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔