ادویات کی مصنوعی قلت کے خلاف سخت کارروائی کریں گے: خواجہ عمران نذیر

ادویات کی مصنوعی قلت کے خلاف سخت کارروائی کریں گے: خواجہ عمران نذیر

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں ادویات کی مصنوعی قلت کے مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

 خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ادویات کی مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں 59 ریگولر کیسز اور زیر التوا کیسز کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران وزیر صحت نے واضح طور پر کہا کہ معیاری ادویات کی فراہمی وزیراعلیٰ کے ویژن کا حصہ ہے، اور اس میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ادویات کی مصنوعی قلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ "گڈز مینو فیکچرنگ پریکٹس" کے تحت تمام فارما انڈسٹریل یونٹس اپنی انسپکشن کرانے کے پابند ہیں، مگر 20 انڈسٹریل یونٹس جان بوجھ کر انسپکشن نہیں کرا رہے اور انہیں بند کر رکھا ہے۔

 انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مارکیٹ میں ادویات کی ٹریک اینڈ ٹریسنگ سسٹم کا نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ مارکیٹوں اور ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ "معیاری ادویات کی دستیابی ساڑھے 12 کروڑ عوام کا بنیادی حق ہے اور اس کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔" انہوں نے تمام فارما یونٹس کو وافر مقدار میں ادویات کا سٹاک مارکیٹ میں فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری ادویات مل سکیں۔