پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے موجودہ ماحول کو ختم کرنا ضروری ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ اس وقت ہمیں کس سے مذاکرات کرنا چاہیے؟ اگر ان کے پاس اختیار ہے تو ٹھیک، ورنہ ہمیں یہ بتا دیا جائے کہ ہمارے پاس اختیار نہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور ان کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک پہلے ہی سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک آگے بڑھے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہر سیاسی جماعت اپنا کردار ادا کرے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کا کردار سیاسی اور پارلیمانی ہے، اور وہ اسی کردار کو ادا کر رہے ہیں۔ شبلی فراز نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ انہیں انصاف نہیں ملے گا، لیکن پھر بھی وہ عدالتوں کا سامنا کریں گے۔
انہوں نے بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کے کینسر اسپتال کے حوالے سے کہا کہ عمران خان نے اس اسپتال کو بنایا اور ایک پیسہ کا بھی فائدہ نہیں لیا۔ شبلی فراز نے امید ظاہر کی کہ انہیں عدالتوں سے ریلیف ملے گا، اور سیاستدانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے دائرے میں رہ کر فیصلے کریں۔شبلی فراز نے مزید کہا کہ جب لوگ اپنے مستقبل کو ڈوبتا دیکھتے ہیں، تب ہی وہ ملک چھوڑ کر باہر جاتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جب کوئی اچھا کام کرتا ہے تو اسے انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔