بسنت: ریسکیو 1122کا خصوصی پلان نافذ

لاہور(کرائم رپورٹر) بسنت فیسٹیول کے دوسرے روز کو ریسکیو 1122 نے صوبائی دارالحکومت میں خصوصی ایمرجنسی پلان نافذ کر دیا ہیترجمان ریسکیو کے مطابق بسنت کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ریسکیو 1122 لاہور نے 1200 سے زائد تربیت یافتہ ریسکیورز، 56 ایمبولینسز، 24 فائر وہیکلز اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس شہر کے مختلف اہم مقامات پر تعینات کر دی ہیں۔ شہر میں قائم 23 ریسکیو اسٹیشنز کے علاوہ 180 اضافی ‘‘کی پوائنٹس بھی مقرر کیے گئے ہیں جہاں خصوصی ریسکیو ٹیمیں موجود ہوں گی تنگ گلیوں اور ٹریفک کی صورت حال میں بروقت رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ریسکیو موٹر بائیکس کو خصوصی کی پوائنٹس پر تعینات کیا گیا ہے۔ والڈ سٹی، مزنگ، اچھرہ، شاد باغ اور داتا دربار سمیت حساس علاقوں میں بھی اضافی ریسکیو ٹیمیں ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔کسی بڑی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی اضلاع سے فوری بیک اپ ریسکیو ٹیمیں بھی طلب کی جا سکیں گی۔ بسنت فیسٹیول کے دوران خصوصی ریسکیو اور میڈیکل کور کے ساتھ ساتھ روٹین ریسکیو آپریشنز بھی معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں 1074 ایمرجنسی کالز پر 1107 متاثرین کو بروقت ریسکیو سہولیات فراہم کی گئیں۔ بسنت فیسٹیول کے دوران صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور ضلعی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور تمام ریسکیو سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔