لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے چاند رات اور عید کی چھٹیوں میں حادثات کی روک تھام کیلئے اینٹی ون ویلنگ پلان نافذ کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کے مطابق ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل سے بچاؤ کیلئے 55 ہاٹ اسپاٹ ایریاز کی نشاندہی کرتے ہوئے 1 ہزار سے زائد جوان سڑکوں پر موجود ہوں گے۔ فیصل کامران نے کہا کہ ہاٹ سپاٹ ایریاز پر پولیس کی گشت بڑھا دی گئی ہے جبکہ ون ویلرز کے سہولت کار مکینکس کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلٹریشن کرنے والے ریکارڈ یافتہ مکینکوں سے بھی شورٹی بانڈ لے رہے ہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شاہراؤں پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے بتایا کہ رواں سال ون ویلنگ کرنے والے547 منچلے کرفتار کئے گئے۔ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 464 مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کے نتائج مستقل معذوری یا جان سے ہاتھ دھونا ہیں۔ ون ویلنگ جان لیوا کھیل ہے نوجوان اس سے باز رہیں۔ فیصل کامران نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو جان لیوا کھیل کھیلنے سے باز رکھیں۔