اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق، آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ایونٹ کے دوران فوج تعینات کی جائے گی، جبکہ سول آرمڈ فورسز، پولیس، اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
ٹیموں کی آمد اور سیکیورٹی اقدامات
چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیمیں 12 فروری سے پاکستان پہنچنا شروع ہوں گی۔ اس تناظر میں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، پنجاب اور سندھ حکومت کی درخواست پر وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی۔وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں اور صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹس کو فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں 2017 کے بعد پہلا بڑا آئی سی سی ایونٹ ہوگا، جس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔