سونا 3لاکھ کا تولہ

کراچی (خصوصی رپورٹ)ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ روپے کی بلند سطح عبور کرگئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ آج بھی برقرار رہاتاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا۔عالمی بلین مارکیٹ سونا 10 ڈالر کے اضافے سے 2869 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا ایک ہزار 346 روپے کے نمایاں اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 3 لاکھ روپے کی بلند سطح عبور کرتے ہوئے 3 لاکھ 46 روپے پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونا ایک ہزار 154 روپے کے بڑے اضافے سے 2 لاکھ 57 ہزار 241 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔یاد رہے کہ جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت 900 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 98 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 51 روپے کے اضافے سے 3378 روپے ہوگئی۔ ادھر اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر27 پیسے کی کمی سے 278.87روپے پر آگیا۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر280.90روپے پر مستحکم رہا۔