موثر اقدامات کے نتیجے میں لاہور کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری آئی، گزشتہ سال کے مقابلے میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں واضح بہتری دیکھی گئی
قانون سازی، قوانین پر موثر عمل درآمد، جدید مشینری، ماحولیاتی تحفظ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے اہم کردار ادا کیا،وزیر اعلیٰ پنجاب
لاہور(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فضائی معیار کی بہتری ابتدا ہے، ماحول دوست پنجاب حتمی منزل ہے، فضائی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے ابھی بہت کام باقی ہے اور عوام کو بہت ساتھ دینا ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے موثر اقدامات کے نتیجے میں لاہور کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں لاہور کی فضا 42 فی صد بہتر ہوئی۔رپورٹ کے مطابق نومبر کے 30 میں سے 23 دنوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں واضح بہتری دیکھی گئی، گزشتہ سال 2024 میں 453 ایئر کوالٹی انڈیکس تھا، رواں سال ماہ نومبر میں اے کیو آئی 261 رہا، جبکہ گزشتہ سال 2024 کے نومبر میں فضائی آلودگی انتہا پر تھی۔وزیراعلی مریم نوازشریف کی ڈیڑھ سال کی حکومت کے دوران ماحولیاتی بہتری کیلئے تاریخی اقدامات کئے گئے، قانون سازی، قوانین پر موثر عمل درآمد، جدید مشینری، ماحولیاتی تحفظ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے اہم کردار ادا کیا۔مریم نوازشریف نے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہر شعبے کو ماحول دوست بنانے کے جامع وژن پر عمل درآمد کا آغاز کیا، جنگلات کے تحفظ اور شجر کاری میں اضافے کے اقدامات نے بھی فضائی معیار بہتر بنانے میں حصہ ڈالا