طوفان ڈولفن جاپان کے جنوبی علاقے اوکیناوا سے ٹکرا گیا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی متاثر کردیا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق طوفان کے زیرِ اثر پیش آنے والے مختلف واقعات میں کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے، جبکہ شدید ہواؤں اور بارش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔طوفان کے باعث تقریباً 14 ہزار عمارتوں کی بجلی منقطع ہوگئی، جبکہ متعدد پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ مختلف علاقوں میں آمدورفت اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب جاپان سے گزرنے کے بعد طوفان ڈولفن کے چین کی مشرقی ساحلی پٹی کی جانب بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر چینی حکام نے احتیاطی اقدامات شروع کرتے ہوئے متعدد بندرگاہیں اور فیری سروسز بند کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے اتوار کی شام یا پیر کی صبح چین کے مشرقی اور جنوبی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔طوفان کے باعث چین کے ساحلی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور شدید بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔