امریکا میں سرکاری وسائل کے استعمال پر سوالات اس وقت اٹھ کھڑے ہوئے جب ایک برطانوی جریدے کی خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ دریائے اوہائیو میں پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بڑھائی گئی تاکہ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس اور ان کے اہلِ خانہ کشتی رانی کا لطف اٹھا سکیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ سروس نے 2 اگست کو آرمی کور آف انجینئرز سے درخواست کی کہ نائب صدر کی کشتی رانی کے دوران محفوظ نیوی گیشن کے لیے دریا کی سطح بلند کی جائے۔ تاہم خفیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی صرف سکیورٹی کے لیے نہیں بلکہ وینس خاندان کے تجربے کو مزید خوشگوار بنانے کے لیے کی گئی۔اس اقدام نے عوامی سطح پر تنقید کو جنم دیا ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی اخراجات میں کمی کے تحت غیر ملکی امداد، سائنسی تحقیق اور سرکاری ملازمتوں کے بجٹ میں اربوں ڈالر کی کٹوتیاں کر چکی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح عوامی وسائل کا ذاتی مقاصد کے لیے استعمال اخلاقی اور سیاسی دونوں حوالوں سے قابلِ اعتراض ہے۔