بجلی سستی ، صارفین کو 56ارب کا ریلیف

 یونٹ کی قیمت 1.88روپے کمی اپریل تا جون کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظورکی گئی ، اطلاق اگست تا اکتوبر ہوگا 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بجلی ایک روپے 88پیسے فی یونٹ سستی ہوگئی۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔ جمعرات کو نیپرا کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق کمی اپریل تا جون2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں منظورکی گئی۔بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین پر ہوگا۔بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اگست تا اکتوبر 2025 کے 3 ماہ کے لیے ہوگا۔بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔فیصلے کے مطابق بجلی صارفین کو کمی پر55 ارب87 کروڑ40لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔ بجلی تقسیم کارکمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی۔نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر 4 اگست کوسماعت کی تھی۔