ملزموں اور گواہوں کی تصدیق کی بہتری کیلئے فیصلہ ،تفتیشی عمل میں تیزی آئے گی :مراسلہ
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے تھانوں میں آنے والے شہریوں، ملزمان اور گواہوں کی تصدیق اور ریکارڈ کی بہتری کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بائیو میٹرک نظام کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں نادرا کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ بھی کر لیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق پولیس سٹیشن ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم میں بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت تھانوں میں آنے والے تمام درخواست گزاروں، ملزمان اور گواہوں کی تصدیق بائیو میٹرک کے ذریعے ممکن ہو سکے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف ریکارڈ کی شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ جعلی اندراجات کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں پولیس ملازمین کی حاضری کا نظام بھی مکمل طور پر بائیو میٹرک پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے حاضری کے نظام کو مزید مو?ثر اور شفاف بنایا جا سکے گا۔حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے فوری طور پر ممکن ہوگی، جس سے تفتیشی عمل میں تیزی آئے گی اور جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی آسان ہو جائے گی