حماد اظہر ملتان سے گرفتار، لاہور منتقل

 پی ٹی آئی کے رہنما 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری قراردئیے گئے تھے
لاہور(کرائم رپورٹر)پی ٹی آئی کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لینے کے بعد لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر 9 مئی 2023 کے واقعات کے حوالے سے لاہور میں درج مختلف مقدمات میں مطلوب تھے اور 9 مئی 2023 سے پولیس کو مطلوب رہنے کے بعد اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔ گرفتاری کے بعد حماد اظہر کو لاہور منتقل کردیا گیا ہے، جہاں متعلقہ مقدمات میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم سے تفتیش بھی کی جائے گی تاکہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں مزید پیش رفت ہوسکے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات درج ہیں اور گرفتاری کے بعد انہیں متعلقہ تفتیشی ٹیموں کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمات میں قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی جبکہ عدالت میں پیشی کے بعد آئندہ کا قانونی لائحہ عمل طے ہوگا۔