بشریٰ بی بی نے 2023ء کے بعد اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے حصول کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، تاہم جسٹس امجد پرویز نے ذاتی وابستگی کے باعث درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس امجد پرویز پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ آصف شہزاد ساہی عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران جسٹس امجد پرویز نے کہا کہ وہ ذاتی حیثیت میں بطور وکیل اس کیس میں پیش ہوتے رہے ہیں، اس لیے مناسب نہیں کہ وہ اس درخواست کی سماعت کرنے والے بنچ کا حصہ بنیں۔جسٹس امجد پرویز کی معذرت کے بعد عدالت نے درخواست کو دوسرے بنچ کے سامنے مقرر کرنے کے لیے رجسٹرار آفس کو بھجوا دیا۔درخواست میں نیب، چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرلز سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ قانون پسند شہری ہیں اور ان کے شوہر، بانی پی ٹی آئی عمران خان، کے خلاف سیاسی حیثیت کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام سے مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کے باوجود معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں، جبکہ مقدمات کی تفصیلات فراہم نہ کرنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔بشریٰ بی بی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تمام فریقین کو 22 جون 2023ء کے بعد ان کے خلاف درج ہونے والے مقدمات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔