کرکٹ ورلڈکپ 2027 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع مقابلے کی ٹکٹوں کی مانگ نے ابتدائی مرحلے ہی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، میچ کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈکپ کے مختلف میچز کے لیے ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے ابتدائی مرحلے میں ہی 11 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے شائقین کی جانب سے سب سے زیادہ جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے لیے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد درخواستیں جمع ہوچکی ہیں۔جنوبی افریقا اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے مقابلے کے لیے 86 ہزار سے زیادہ ٹکٹ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان 7 نومبر کو شیڈول پری سیڈڈ سپر 7 میچ بھی شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کررہا ہے، جس کے لیے تقریباً 78 ہزار درخواستیں جمع ہوچکی ہیں۔دوسری جانب 21 نومبر کو شیڈول ورلڈکپ فائنل کے لیے بھی تقریباً 69 ہزار ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے صرف 48 گھنٹوں سے زائد وقت میں 10 لاکھ درخواستیں موصول ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ کرکٹ ورلڈکپ کی مقبولیت اور عالمی کشش میں اضافہ ہورہا ہے۔
ان کے مطابق آئی سی سی کے بڑے ایونٹس اب صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں رہے بلکہ مختلف ثقافتوں اور خطوں کے لوگوں کو جوڑنے والے عالمی میلے بن چکے ہیں۔آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو قونڈیسا نگونیا نے بھی ٹکٹوں کی غیر معمولی مانگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 لاکھ سے زائد ٹکٹ درخواستیں عالمی شائقین کی ٹورنامنٹ میں شرکت کی غیر معمولی خواہش ظاہر کرتی ہیں۔ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن کا عمل 21 نومبر کو رات 11 بج کر 59 منٹ، سینٹرل افریقن ٹائم تک جاری رہے گا۔ بیلٹ میں شامل ہونا مکمل طور پر مفت ہے اور رجسٹریشن کے وقت کسی قسم کی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی۔ہر شخص ہر میچ کے لیے ایک مرتبہ درخواست دے سکتا ہے، جبکہ ایک سے زائد میچز کے لیے بھی درخواست دینا ممکن ہے۔ ٹکٹ بیلٹ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگا، اس لیے رجسٹریشن کے آغاز یا اختتام کے قریب درخواست دینے سے کامیابی کے امکانات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔اگر کسی میچ کے لیے دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تو کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ کامیاب اور ناکام امیدواروں کو رجسٹریشن کے دوران فراہم کیے گئے ای میل ایڈریس پر اطلاع دی جائے گی۔