انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے ورلڈکپ فارمیٹ کے بعد 2027 ون ڈے ورلڈکپ کوالیفائر کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، کیونکہ اس ایونٹ کی فاتح ٹیم براہِ راست ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ حاصل کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق 10 ٹیموں پر مشتمل کوالیفائر ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو ابتدائی سپر سیریز کھیلنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ سیدھا ورلڈکپ کے مین ایونٹ میں شامل ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق کوالیفائر ٹورنامنٹ 2027 کے آغاز میں متوقع ہے، تاہم آئی سی سی نے ابھی تک میزبان ملک اور مکمل شیڈول کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔اطلاعات ہیں کہ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ 2023 ورلڈکپ کوالیفائر جیسا ہوگا، جس میں 10 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ ابتدائی مرحلے کے بعد سپر سکس راؤنڈ کھیلا جائے گا۔آئی سی سی کے نئے کوالیفکیشن سسٹم کے تحت ستمبر 2026 تک ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست آٹھ ٹیمیں اور میزبان ممالک جنوبی افریقا اور زمبابوے براہِ راست ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گے۔ اس کے علاوہ کوالیفائر کی فاتح ٹیم بھی براہِ راست ایونٹ کا حصہ بنے گی۔
دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو سپر سیریز کھیلنا ہوگی، جہاں صرف ایک ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرے گی، جبکہ باقی دو ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو جائیں گی۔کوالیفائر میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں دو نچلی رینکنگ کی فل ممبر ٹیمیں، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی چار بہترین ٹیمیں اور کوالیفائر پلے آف سے آنے والی چار ٹیمیں شامل ہوں گی، جس کے باعث ورلڈکپ تک رسائی کی دوڑ مزید سخت اور دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔