سکولوں کے باہر ٹریفک جام، گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں آلودگی میں اضافے کی بڑی وجہ ہے
لاہور(آئی این پی ) اسموگ تدارک کیلئے اسکولوں میں طلبا ، والدین اور اسٹاف کیلئے کارپولنگ لازم قرار دینے کی ہدایت کردی گئی۔تفصیل کے مطابق لاہور میں خطرناک حد تک بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور اسموگ کے تدارک کے لیے محکمہ تحفظِ ماحول(ای پی اے) پنجاب نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام اسکولوں کو طلبہ، والدین اور عملے کے لئے کار پولنگ کے فروغ کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ڈائریکٹر جنرل حولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے اس اقدام کو انسدادِ اسموگ کی کلیدی حکمت عملی کا باقاعدہ حصہ بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ڈی جی ماحولیات نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہی علاقے یا روٹ سے آنے والے طلبہ، والدین اور اسکول عملے کے لیے باہمی رضامندی سے گاڑیوں کے مشترکہ استعمال کو ممکن بنایا جائے۔صبح کے اوقات میں اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی شدید آمدورفت کے باعث ٹریفک جام اور گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں آلودگی میں اضافے کی بڑی وجہ ہے، اسکولوں کے اطراف گاڑیوں کی تعداد کم کر کے اسموگ پر مثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کے مطابق شہر میں گاڑیوں کا غیر ضروری اور انفرادی استعمال لاہور میں فضائی آلودگی کے مسئلے کو سنگین بنا رہا ہے، جس کیلئے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔