وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی مبینہ نامناسب ویڈیو کیس میں گرفتار ملزم محمد شفیق کی درخواستِ ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ٹرائل کورٹ سے کیس کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کی۔ دورانِ سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کے ٹرائل میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے، جس کے باعث ان کا مؤکل طویل عرصے سے جیل میں قید ہے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ تاخیر کے پیشِ نظر ضمانت منظور کی جائے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ “پہلے ہم ٹرائل کورٹ سے اس حوالے سے رپورٹ منگوا لیتے ہیں، تاکہ کیس کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔”عدالت نے ٹرائل کورٹ سے کیس کی تازہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ضمانت کی درخواست پر آئندہ سماعت مقرر کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق، کیس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد یہ معاملہ دوبارہ سماعت کے لیے پیش کیا جائے گا۔