جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے آئی ٹی کمپنیوں اور سٹارٹ اپس کو تکنیکی اور انتظامی مدد فراہم کی جائے گی
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں علاقائی جدت طرازی کا مرکز بنایاجارہاہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک میں جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے آئی ٹی کمپنیوں اور سٹارٹ اپس کو تکنیکی اور انتظامی مدد فراہم کی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد آئی ٹی پارک منصوبے کی پیشرفت کے جائزے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ خواجہ، وزارت منصوبہ بندی اور آئی ٹی کے سینئر حکام اور جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جون سمیت کورین سفارتخانے کے دیگر افسران بھی شریک تھے۔اجلاس میں بتایاگیاکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک 66,893 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے، جس میں دو تہہ خانے، ایک گرائونڈ فلور اور نو اضافی منزلیں ہیں۔ یہ منصوبہ کوریا کے اقتصادی ترقیاتی معاونت کے فنڈ اور پاکستان کے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے درمیان مالی تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے۔اس 88.384 ملین ڈالر کی لاگت کے منصوبے میں 76.310 ملین ڈالر کا قرضہ کورین ایگزم بینک فراہم کر رہا ہے جبکہ باقی 12.476 ملین ڈالر حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کئے گئے ہیں۔اجلاس کوبتایاگیاکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک میں جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے آئی ٹی کمپنیوں اور سٹارٹ اپس کو تکنیکی اور انتظامی مدد فراہم کی جائے گی، جو پاکستان کو عالمی آئی ٹی صنعت میں مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گا۔پارک میں 120 آفس اسپیسز، اسٹارٹ اپس کے لیے 15 دفاتر پر مشتمل انکیوبیشن سنٹر، بزنس سپورٹ سینٹر، صنعت-اکیڈمی رابطہ مرکز، بجلی کی بلاتعطل فراہمی، ٹائر III ڈیٹا سینٹر، R&D آئی ٹی لیبز، آڈیٹوریم اور ورچوئل کلاس رومز شامل ہیں جو تحقیق اور تربیت کے فروغ میں معاون ہوں گے۔