وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت

وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے سویلین آبادی پر حملہ کر کے بزدلی کا مظاہرہ کیا، لیکن پاک افواج نے جرأت مندانہ اور مؤثر جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے لیکن اپنی سرحدوں کے دفاع سے ہرگز غافل نہیں، پوری قوم متحد ہے اور ہر محاذ پر دشمن کو جواب دینے کے لیے تیار ہے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی بھارتی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے رات کے اندھیرے میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر بزدلی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچے کی شہادت ہر پاکستانی کے لیے تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔گورنر نے مزید کہا کہ قوم کو مکمل اطمینان ہونا چاہیے کہ ہماری فوج دشمن کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ بھارت کی اس جارحیت کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جانا چاہیے کیونکہ یہ عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔