شہناز گل کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تنقید کی لہر دوڑا دی

شہناز گل کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تنقید کی لہر دوڑا دی

بھارتی اداکارہ شہناز گل کے حالیہ رویے نے سوشل میڈیا پر تنازعہ کھڑا کردیا ہے، جس کے بعد ان پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

 شہناز گل، جو ’’بگ باس‘‘ کے سیزن 13 سے شہرت حاصل کر چکی ہیں، اپنی ایک ویڈیو کے باعث سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنی ہیں۔ ویڈیو میں شہناز کا رویہ اس قدر مغرور اور بدتمیز دکھایا گیا ہے کہ صارفین نے انہیں سختی سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ویڈیو میں ایک تقریب کے دوران ایک خاتون شہناز کے پاس آتی ہیں اور اپنے ہیئر کیئر برانڈ کے بارے میں بات کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اس پر شہناز فوراً جواب دیتی ہیں، ’’کیا آپ کے پاس مجھے ادا کرنے کے لیے پیسے ہیں؟‘‘ خاتون کے جواب میں کہ وہ فوراً پیسے دے سکتی ہیں، شہناز کا کہنا تھا، ’’آپ مجھے افورڈ نہیں کرسکتیں۔‘‘ پھر انہوں نے خاتون کو اپنے منیجر سے بات کرنے کی ہدایت کی۔اگرچہ خاتون نے مذاق کے طور پر یہ بات سنی اور ہنسی میں اڑا دی، لیکن سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے کمنٹس میں شہناز کے رویے پر سخت ردعمل سامنے آیا۔

 صارفین نے انہیں گھمنڈی اور متکبر قرار دیتے ہوئے ان کی اس بات کو غیر مناسب قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’آپ مجھے افورڈ نہیں کرسکتیں؟ تُو ہے کون اور ایسا کیا کردیا ہے کہ اتنا گھمنڈ آگیا؟‘‘ ایک اور صارف نے کہا، ’’شہناز گل کو اپنا رویہ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘کچھ صارفین نے اس ویڈیو کو مذاق کے طور پر لیا، تاہم زیادہ تر افراد نے شہناز کے رویے کو سختی سے تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی شخصیات کا رویہ اور گفتگو عوام پر گہرا اثر ڈالتا ہے، اور اس طرح کے رویے سے شہناز گل کے مقام اور شہرت کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا تاثر مل رہا ہے۔