ایران میں احتجاج27صوبوں کے 250 مقامات تک پھیل گیا

اب تک احتجاج کے دوران 35 افراد  جاںبحق،1200 سے زائد گرفتا ر ہو چکے ہیں
 احتجاج کرنیوالوں کے جائز مطالبات مانے جائیں‘   سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا:سپیکر ایرانی پارلیمنٹ   
تہران (آئی این پی )ایران میں مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے 31 میں سے 27 صوبوں کے 250 سے زائد مقامات تک پھیل گئے ، جس کے باعث مجموعی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ مختلف شہروں میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ہیومن رائٹس ایکٹیویسٹ نیوز ایجنسی (ایچ آر اے این اے) کی رپورٹ کے مطابق ایران میں 9روز سے  جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران ہونے والے تشدد میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 35 تک پہنچ گئی ہے۔ادھر نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی نے پیر کی شب رپورٹ کیا کہ مظاہروں کے دوران تقریبا 250 پولیس اہلکار اور رضاکار بسیج فورس کے 45 ارکان زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے سے زائد عرصے سے جاری ان مظاہروں کے دوران اب تک 1200 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے‘۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قلیباف نے بھی اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی مشکلات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غیر ملکی ایجنٹوں کی جانب سے کسی بھی مبینہ سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔