لاہور(سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی ہرا کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میں میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر 0-2 سے سیریز بھی جیت لی۔ ہوم ٹیم نے 58 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے 8ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ بیڈنگھم 30 گیندوں پر 47 جبکہ ایڈن مارکرم 13 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کیلیے کپتان شان مسعود اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد بیٹنگ کیلیے آئے۔ پاکستان کا اسکور 235 رنز پر پہنچا تو خرم شہزاد آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔پاکستان کی تیسری وکٹ کامران غلام کی صورت میں گری۔ کامران 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔وکٹ کی ایک جانب موجود کپتان شان مسعود کا ساتھ چوتھی وکٹ پر سعود شکیل نے دیا، دونوں کے درمیان 51 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ تاہم 329 کے مجموعے پر سعود شکیل کگیسو ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اسی اسکور پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہوں نے 145 رنز بنائے تھے۔ چھٹی وکٹ پر محمد رضوان اور سلمان علی آغا کے درمیان ففٹی پارٹنرشپ نے جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کے درمیان 88 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔محمد رضوان 417 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے کے بعد کیشو مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ سلمان علی آغا 48 رنز بنا کر 441 پر میدان چھوڑ گئے۔ ا?ٹھویں وکٹ پر عامر جمال اور میر حمزہ نے 37 رنز جوڑ کر ٹیم کے ٹوٹل کو 478 رنز تک پہنچایا، جہاں پہلے عامر جمال اور پھر میر حمزہ بھی آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب کی انجری کے باعث عدم دستیابی کی وجہ سے 9 وکٹوں کے ساتھ پاکستان ٹیم 57 رنز کی برتری لے سکی۔جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 3، 3 جبکہ مارکو یانسن نے دو اور کوینا ماپھاکا نے ایک وکٹ لی۔