بادل برسانیوالاسسٹم ختم ،برفباری ،دھند جاری،موٹرویزبند

3 روزخشک موسم کاامکان،لاہور ایئر پورٹ پرمتعددپروازیں گھنٹوں تاخیر کاشکار
 سردی کی شدت برقرار،کاغان،شوگراں ،گلیات کیسیاحتی مقامات پربرفباری
ایبٹ آباد، اسلام آباد،لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان سے بادل برسانے والا سسٹم نکل گیا ہے، آئندہ دو تین روز تک بارش کا امکان نہیں،موسم خشک رہے گا جبکہ شدیددھند پر موٹر ویز متعدد مقامات پربند رہیں ،فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔ ملک میں سردی کی شدت برقرار ہے، سیاحتی مقامات کاغان،شوگراں ،ایبٹ آباداورگلیات میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔کاغان،شوگراں اور دیگر ملحقہ مقامات پرسوموار کی صبح برفباری کا سلسلہ شروع ہوا،شوگراں میں 6، ناران میں 3 انچ برف پڑی جبکہ نتھیا گلی،چھانگلہ اور ڈونگا گلی ودیگرملحقہ علاقوں میں دو انچ برف پڑ چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کیمطابق آج پنجاب کے چند میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں صبح/رات کو ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہنے کی توقع ہے۔پنجاب کے میدانی علاقے گزشتہ روز بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، راستے گم ہو گئے، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے پرموٹر ویز متعدد مقامات پربند رکھی گئیں،ٹرینوں کی آمدو رفت ، فلائٹ آپریشن بھی متاثر رہا۔موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم3 لاہور سے ملتان ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم،ایم 11 لاہور سیالکوٹ اور ملتان سکھر ایم 5 بند رکھی گئی۔ بعدازاں حد نگاہ بہتر ہونے پر موٹر ویز کو مرحلہ وار کھول دیا گیا۔ لاہورایئرپورٹ پردھند کے باعث ایئر بلیو کی پرواز پی اے 406 کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی ،طیارے کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا،لاہور سے دبئی ایئر بلیو کی پرواز پی اے 416 ساڑھے 13 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔لاہور سے شارجہ ایئر بلیو کی پرواز پی اے 412 سات گھنٹے ،لاہور تا دبئی ایمریٹس کی پرواز ای کے 623 اڑھائی گھنٹے ،جدہ تا لاہور سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 738 دس گھنٹے 35 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب،کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو ئی ، مالم جبہ میں9.5، کالام 6.2،چترال 5.1،دروش 2 ، میرکھانی 1.5 اور مری میں 0.5 انچ برفباری ریکارڈ ہوئی۔پیر کو قلات کادرجہ حرارت منفی 10،زیارت منفی 9،گوپس، کوئٹہ منفی 7،لہہ منفی 5 اوراستور میں منفی 4ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔