عمران خان اصل رسیدیں دکھا دیں ، رہا ہو جائیں گے:احسن اقبال

 پیپلز  پارٹی ہماری اتحادی جماعت ، ہے ہلکی پھلکی نوک جھونک چلتی رہتی ہے،اتحادیوں کیساتھ ملکر ملک کو معاشی بحران اور دہشتگردی سے نکالنا ہے

 دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے مفاہمت کی سیاست ناگزیر ہے:وفاقی وزیر کی کراچی میں سندھ کے وزیرناصرحسین شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس
 کراچی(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے  منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے پیپلز  پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے اور اتحادی حکومت میں ہلکی پھلکی نوک جھونک چلتی رہتی ہے،اتحادیوں کیساتھ ملکر ملک کو معاشی بحران اور دہشتگردی سے نکالنا ہے،بانی پی ٹی آئی اصل رسیدیں دکھا دیں رہا ہو جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ساتپ پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے  کیا ۔  احسن اقبال نے کہا بانی پی ٹی آئی لوگوں سے رسیدیں مانگتے تھے، جب ان سے رسیدیں مانگی گئیں تو بوگس رسیدیں نکلیں، ملک کا 50ارب کھانے کے بعد آپ کہہ رہے ہیں ڈکار بھی نہیں مارنا ۔انہوں نے کہا کہ کیا کبھی ایسا ہوسکتا ہے آپ کو سستے تحفے ملیں اور گن مین کو مہنگے تحفے ملیں، اپنی رسیدیں مانگنے کی باری کہتے ہیں ہم سے رسیدیں مت مانگیں، یہ انصاف نہیں تحریک انصاف ہے۔وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ 31دسمبر کو وزیراعظم نے اڑان پاکستان کے نام سے منصوبہ لانچ کیا ہے، ماضی میں 3 اڑانیں کریش ہوتے دیکھ چکے ہیں ، اڑان پاکستان سیاست سے بالاتر ہے، وزیراعلی سندھ نے وفاقی منصوبوں کی جانب توجہ دلائی ،سندھ میں وفاقی حکومت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت کی امداد سے چلنے والے منصوبوں پر کام رکنے نہیں دیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی میں وفاق اپنا حصہ ڈال رہاہے، زراعت،صنعت،ٹیکنالوجی،تخلیقی صنعت کا فروغ ہماری ترجیح ہے، جدت کی وجہ سے عالمی سطح پر انقلاب آگیا ہے، پاکستان نے خطے کے ممالک کے ساتھ معاشی مقابلہ کرنا ہے، ہمیں اس ملک کو باوقار ملک بنانا ہے ۔