ماروس، انڈونیشیا: دنیا کا سب سے لمبا جنگلی سانپ دریافت

ماروس، انڈونیشیا: دنیا کا سب سے لمبا جنگلی سانپ دریافت

انڈونیشیا کے علاقے ماروس میں دریافت ہونے والے ایک دیوہیکل ریٹیکیولیٹڈ پائتھن کو گینیز ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کا سب سے لمبا جنگلی سانپ قرار دے دیا ہے۔

گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق تفصیلی پیمائش اور شواہد کی جانچ کے بعد تصدیق کی گئی کہ مادہ سانپ کی لمبائی 23 فٹ 8 انچ ہے، جو اب تک ریکارڈ کیے گئے تمام جنگلی سانپوں میں سب سے زیادہ ہے۔یہ غیر معمولی سانپ ماہرِ تحفظِ فطرت بودی پوروانتو، لائسنس یافتہ سانپ پکڑنے والے دیاز نوگراہا اور نیچرل ہسٹری فوٹوگرافر رادو فرینتیو کی نگرانی میں ہے۔ ماہرین کے مطابق سانپ کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

دیاز نوگراہا اور رادو فرینتیو کا کہنا ہے کہ افواہوں کی بنیاد پر موصول ہونے والی اطلاعات کے بعد وہ اس غیر معمولی لمبائی والے سانپ کی تلاش میں نکلے تھے۔ کامیاب دریافت کے بعد سانپ کو ’ایبو بیرن‘ یا ’دی بیرونیس‘ کا نام دیا گیا۔واضح رہے کہ عام طور پر ریٹیکیولیٹڈ پائتھن بالغ ہونے پر 9 فٹ 10 انچ سے 19 فٹ 2 انچ تک لمبا ہوتا ہے، تاہم ماروس میں دریافت ہونے والا یہ سانپ اپنی غیر معمولی جسامت کی وجہ سے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔