مقالے:غلطیاں بروقت درست نہ کرنے پر جرمانے کا فیصلہ

جرمانے کا مقصد پوسٹ گریجوایٹ تحقیق میں لاپرواہی کی حوصلہ شکنی کرنا 

لاہور ( کرائم رپورٹر ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور کے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کا 210 واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پوسٹ گریجویٹ تحقیقی مقالہ جات میں سامنے آنے والی املا اور گرائمر سمیت چھوٹی غلطیوں کی بروقت درستگی نہ کرنے پر جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ کے مطابق جرمانے کا مقصد پوسٹ گریجویٹ تحقیق میں لاپرواہی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے تاکہ تحقیقی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے جرمانوں کا تعین ماہرین کی ایک کمیٹی کرے گی، جو تحقیق کی نوعیت اور غلطیوں کی شدت اور دہرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ دے گی۔ اجلاس میں ڈاکٹر راحت سرفراز کو ماربڈ اناٹومی اینڈ ہسٹوپتھالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی منظوری دی گئی، جبکہ پی ایچ ڈی کی دو، ایم فل کی سات، ایم ایس کی 30 اور ایم ڈی کی 18 تھیسز رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں مختلف شعبوں کے 52 ابتدائی تحقیقی خاکہ جات (ریسرچ سائینوپسس) پر بھی غور کیا گیا۔