شہید اے ایس آئی محمد اکبر کی فیملیز کو دو گھر فراہم

پنجاب حکومت نے ایک کروڑ پچھتر لاکھ کے گھر فراہم کئے، آئی جی کا خراجِ تحسین
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کی جانب سے اپنے شہداء کے اہلخانہ کو رہائش کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ فرض کی راہ میں شہادت پانے والے شہید اے ایس آئی محمد اکبر کی دو فیملیز کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کے دو گھر فراہم کر دیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق حکومت پنجاب کے جاری کردہ فنڈز سے شہید کے اہلخانہ کی پسند کے مطابق ملتان کے دو مختلف علاقوں میں یہ گھر خریدے گئے۔ یاد رہے کہ شہید اے ایس آئی محمد اکبر نے 2024ء میں دورانِ ریڈ ملزمان کے حملے میں جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ شہید کے اہلخانہ میں دو اہلیہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کی لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود فورس کی اولین ترجیح ہے۔