سبی میں ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک دھماکہ ہوا ہے، جس میں ٹریک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ دھماکہ پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے بعد ہوا، اور اس واقعے میں ٹرین یا مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ریلوے حکام کے مطابق، جعفر ایکسپریس کو سبی سے مقررہ وقت پر پشاور روانہ کیا گیا تھا، اور دھماکے کے بعد بھی سفر جاری رہا۔ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز اور ریلوے انتظامیہ نے علاقے کا محاصرہ کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے کے مقام سے مواد اور شواہد جمع کیے ہیں، اور واقعے کے محرکات اور ممکنہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔یہ واقعہ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں دہشتگردی کے واقعات کے تناظر میں پیش آیا ہے، اور حکام نے عوام سے محتاط رہنے اور سیکیورٹی کے انتظامات کو مضبوط کرنے کی ہدایت کی ہے۔