90دوسرے مرحلے کا تربیتی کیمپ کل شروع ہوگا، 90 ہزار حاجی سرکاری طور پر جائیں گے، وزیر مذہبی امور
لاہور( خصوصی رپورٹ )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حج پروازیں29اپریل سے شروع ہوں گی، 90 ہزار حاجی سرکاری طور پر جائیں گے، ان کے انتظامات آخری مراحل میں ہیں، لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ٹریننگ کا پہلا سیشن مکمل ہو گیا ہے، دوسرے مرحلے کا تربیتی کیمپ 8 اپریل سے شروع ہوگا، حجاج وہاں تیاری کے ساتھ جائیں، ٹریننگ پر زیادہ کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حج، عمرے کا تعلق عقیدے کے ساتھ تعلق ہے، جو بھی اس حوالے سے کام کیا جاتا ہے وہ عقیدہ ہے، اس حوالے سے شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ان کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں، حجاج کو ویکسینیشن سمیت دیگر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بزرگ حضرات کے حوالے سے خاص خیال رکھا جائے، پنجاب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں تربیت دی جائے گی، ملک بھر میں جب پروازیں شروع ہوں گی، افسروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے لئے اچھے انتظامات ہوں گے، وہاں سعودی حکومت بہتر سے بہتر انتظامات کرتے ہیں۔سردار یوسف نے کہا کہ وزیر حج نے بتایا کہ حجاج کی سہولت کیلئے میڈیکل مشن، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات بہتر کیے ہیں، یہ انتظامات سعودی حکومت خود کرتی ہے، مجھے یہ آج تک اطلاع نہیں ہے کہ کسی حاجی نے بھیک مانگی ہو۔