احتجاجی سیاست سے تنگ خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی قیادت پر برہم

احتجاجی سیاست سے تنگ خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی قیادت پر برہم

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی اور مسلسل احتجاجی سیاست پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

صوابی، رستم، چارسدہ، تخت بھائی اور دیگر علاقوں کے شہریوں نے صوبے میں بنیادی سہولیات کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے نمایاں اقدامات نظر نہیں آ رہے، جبکہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں نکاسی آب، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں مسائل بدستور موجود ہیں۔مقامی شہریوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے طویل دورِ حکومت کے دوران احتجاج اور دھرنوں کی سیاست پر زیادہ توجہ دی گئی، جبکہ عوامی ریلیف کے لیے واضح اور مؤثر اقدامات نظر نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کی صورتحال، نکاسی آب کے مسائل اور اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی ترجیحات اور کارکردگی پر سیاسی سطح پر بھی تنقید سامنے آتی رہی ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں صوبے کو درپیش بنیادی مسائل اور احتجاجی سیاست کے حوالے سے مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی بیانات سامنے آئے ہیں۔