پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2026ء سے قبل ہونامشکل

بلدیاتی انتخاب کے قانون میں چھٹی ترمیم کا بل تاحال اسمبلی سے منظور نہیں ہوسکا 
الیکشن کمیشن کا انتخابات کیلئے 8اکتوبرکو اجلاس،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی طلب
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پنجا ب میں مقامی حکومت انتخابات آئندہ سال 2026ء سے قبل منعقد ہونا مشکل ہو گئے ہیں۔ پنجاب میں مقامی انتخابات کی چار سال سے تاخیر کاشکار ہیں۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کے قانون میں چھٹی ترمیم کا بل تاحال اسمبلی سے منظور نہیں ہوسکا ہے، قانون میں اب تک پانچ مرتبہ ترامیم ہوچکی ہیں۔ پنجاب مقامی حکومت کے قانون میں ترمیم منظورہونے کی صورت میں بھی انتخابات کیلیے کم از کم پانچ ماہ کی مدت درکار ہے، پنجاب اسمبلی سے مقامی حکومت قانون میں ترمیم کے بعد حلقہ بندیوں کیلئے تین سے چارماہ درکار ہیں اور الیکشن کے انعقاد کیلیے دوماہ لگ سکتے ہیں۔ پنجاب میں مقامی حکومت قانون میں مذکورہ چھٹی ترمیم ہوگی جس کے بعد چوتھی مرتبہ حلقہ بندیاں ہونے کے بعد انتخابات کاانعقاد ممکن ہوسکے گا ،الیکشن کمیشن نے پنجاب میں مقامی حکومت کے انتخابات کے انعقا د کیس کی سماعت 2جون 2025 کوکی تھی ، حکومت پنجاب مقامی حکومت قانون میں ترمیم کیلیے تین ماہ کی مہلت طلب کی تھی، الیکشن کمیشن کے فل بینچ نے پنجاب میں مقامی حکومت انتخابات منعقدکرانے کیلیے 8اکتوبر 2025 کو اجلاس طلب کررکھا ہے ،جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔