امریکی سینیٹر منتخب عبدل السید کا اہلیہ سے محبت کا اظہار، انتخابی جشن کی ویڈیو وائرل

امریکی سینیٹر منتخب عبدل السید کا اہلیہ سے محبت کا اظہار، انتخابی جشن کی ویڈیو وائرل

امریکی ریاست مشی گن سے سینیٹ کی نشست جیتنے والے ڈیموکریٹ رہنما عبدل السید نے اپنی کامیابی کے جشن کے دوران اہلیہ سارہ جوکاکو سے محبت کا اظہار کرکے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

دونوں کے اسٹیج پر گلے ملنے کے مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عبدل السید نے 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات میں مشی گن کی سینیٹ نشست پر ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دی۔ اس کامیابی کے بعد وہ امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان بن گئے ہیں۔ڈیٹرائٹ میں انتخابی کامیابی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدل السید نے اپنی انتخابی مہم میں ساتھ دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خصوصی طور پر اپنی اہلیہ سارہ جوکاکو کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔عبدالسید نے اہلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمہارے بغیر یہ سب ممکن نہیں تھا اور میں کسی دوسرے کے ساتھ یہ سفر طے کرنا بھی نہیں چاہتا تھا۔

‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی اہلیہ سے بے حد محبت کرتے ہیں اور اس پورے سفر میں ان کے ساتھ پر شکر گزار ہیں۔شوہر کے محبت بھرے الفاظ سن کر سارہ جوکاکو مسکرا دیں، جبکہ اسٹیج پر دونوں نے ایک دوسرے کو گلے بھی لگایا۔ تقریب میں موجود حامیوں نے اس جذباتی لمحے پر خوشی کا اظہار کیا اور تالیاں بجا کر دونوں کو داد دی۔انتخابی کامیابی کے بعد سامنے آنے والی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں لوگ عبدل السید کے خطاب اور اہلیہ کے لیے محبت بھرے پیغام پر تبصرے کر رہے ہیں۔