مولانا فضل الرحمان کے قریبی اتحادی سے منسوب حج ٹور آپریٹرز کو شوکاز نوٹس جاری

مولانا فضل الرحمان کے قریبی اتحادی سے منسوب حج ٹور آپریٹرز کو شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی اتحادی مفتی ابرار سے مبینہ طور پر منسلک تین حج ٹور آپریٹرز کو کمپنیوں کی ملکیت سے متعلق مطلوبہ معلومات جمع نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مفتی ابرار کے خاندان اور ان کے ساتھیوں سے منسوب کمپنیوں کے ملکیتی ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، جس کے بعد ایس ای سی پی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تین متعلقہ کمپنیوں سے وضاحت طلب کرلی ہے۔ایس ای سی پی کی جانب سے جن کمپنیوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، ان میں سجاد ٹریولز اینڈ ٹورز، ال رحاب انٹرنیشنل اور شکر الفیضان ٹریولز شامل ہیں۔ ان کمپنیوں سے حقیقی مالکان (Beneficial Owners) کی تفصیلات اور متعلقہ ریکارڈ جمع نہ کرانے پر جواب طلب کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ال رحاب انٹرنیشنل کو سال 2023 کے لیے حقیقی مالکان سے متعلق مطلوبہ معلومات جمع نہ کرانے پر نوٹس جاری کیا گیا، جبکہ سجاد ٹریولز اینڈ ٹورز سے بھی کمپنی کی ملکیت اور حقیقی مالکان کا ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

اسی طرح شکر الفیضان ٹریولز کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت قانونی تقاضوں کی مبینہ عدم تعمیل پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ایس ای سی پی نے تینوں حج ٹور آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نوٹس موصول ہونے کے 14 روز کے اندر اپنی وضاحت اور مطلوبہ دستاویزات جمع کرائیں۔کمپنیوں سے حقیقی مالکان کی معلومات طلب کرنے کا مقصد ان افراد کی نشاندہی کرنا ہے جو کسی کمپنی کی ملکیت یا کنٹرول رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے قانونی تقاضوں کی پابندی کمپنیوں کے لیے ضروری ہے۔