نواں کوٹ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا، مقدمہ درج، تفتیش جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) نواں کوٹ پولیس نے تین سالہ بچی کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں اس کے قریبی رشتہ دار ملزم حسن کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق والدین کی عدم موجودگی میں ملزم گھر میں داخل ہوا، جہاں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا موجود تھے۔ ملزم نے موقع پا کر مبینہ طور پر سب سے چھوٹی بچی کو ہراساں کیا اور نازیبا حرکات کیں۔ بچی خوف کے باعث خاموش رہی، تاہم بعد میں اس نے والدین کو اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے آگاہ کیا، جس پر والد کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو اکیلا نہ چھوڑیں اور ان کے رویوں میں غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت والدین کی ذمہ داری ہے اور بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔