ڈی آئی جی آپریشنز نے خصوصی آئی ٹی ٹیم کو ملزم کی شناخت اور قانونی کارروائی کی ہدایت کردی
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری میں ایک خاتون نے نامعلوم شخص کی جانب سے اس کا موبائل نمبر رشتہ ایپ پر ڈالنے اور ہراساں کیے جانے کی شکایت درج کرادی۔ درخواست گزار کے مطابق نامعلوم کالر نے فون کرکے اس کے سوشل میڈیا اکائونٹس ہیک کرنے کا دعویٰ کیا اور بعدازاں اس کا نمبر رشتہ ایپ پر ڈال دیا، جس کے بعد مختلف نمبروں سے فون کالز موصول ہونے لگیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی آئی ٹی ٹیم کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ملزم کی نشاندہی اور قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا۔ فیصل کامران کے مطابق اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے ایک واقعے میں رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کھلی کچہری میں کرایہ داری اور مکان گروی رکھنے کے نام پر فراڈ کی شکایات بھی موصول ہوئیں، جن پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو انکوائری اور قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی اور خواتین کی شکایات پر تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی شکایات سننے کے لیے روزانہ دوپہر ایک سے تین بجے تک کھلی کچہری لگائی جاتی ہے۔