باغبانپورہ پولیس،4 منشیات فروش گرفتار10 کلو منشیات بر آمد

 لاہور (کرائم رپورٹر) باغبانپورہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف تین بڑی کارروائیوں کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کرکے 10 کلو 440 گرام منشیات بر آمد کر لی۔ پولیس کے مطابق بر آمد ہونے والی منشیات میں 7 کلو 380 گرام آئس اور 3 کلو 60 گرام افیون شامل ہے۔ پہلی کارروائی میں روڈا مین گیٹ کے قریب ملزم دانش کو گرفتار کرکے 3 کلو 60 گرام آئس اور ایک کلو 20 گرام افیون بر آمد کی گئی۔ دوسری کارروائی کے دوران شالامار مین گیٹ سے فیصل عباس اور تنویر عباس کو گرفتار کرکے ایک کلو 260 گرام آئس بر آمد کی گئی، جبکہ تیسری کارروائی میں گادھی شاہ دربار کے قریب ملزم علی رضا کو گرفتار کرکے 3 کلو 60 گرام آئس اور 2 کلو 40 گرام افیون بر آمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے یونیورسٹیوں کے طلبہ کو منشیات کے استعمال کی طرف راغب کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ باغبانپورہ میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو نشے سے بچانے کے لیے منشیات فروشوں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔