ایدھی فا ئونڈیشن :1ماہ میں5340مریضوں اور میتوں کی منتقلی

 اکتوبر میں روزانہ 13 ہزار 500 مستحق افراد نے ایک وقت کا مفت کھانا حاصل کیا
لاہور: (کرائم رپورٹر) ایدھی فا ئونڈیشن لاہور نے اکتوبر 2026ء کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ادارے نے گزشتہ ماہ شہر بھر میں ہزاروں افراد کو مفت امدادی اور فلاحی خدمات فراہم کیں۔ ترجمان ایدھی فا ئونڈیشن کے مطابق اکتوبر کے دوران لاہور کے مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں سے 5 ہزار 340 مریضوں اور میتوں کو مفت ایمبولینس سروس کے ذریعے ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کیا گیا، جبکہ مختلف وجوہات کے باعث جاں بحق ہونے والے 1 ہزار 486 افراد کی میتیں ان کے آبائی گھروں تک پہنچائی گئیں۔ حادثات میں جاں بحق ہونے والے 41 افراد کی لاشیں مردہ خانوں میں منتقل کی گئیں، جبکہ مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے 378 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتالوں تک پہنچایا گیا۔ ایدھی شناخت پروگرام کے تحت 32 نامعلوم لاشوں کی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے شناخت مکمل کی گئی، جبکہ 19 نامعلوم افراد، جن میں 15 مرد اور چار خواتین شامل تھیں، کی تدفین بھی کی گئی۔ ایدھی سردخانہ علامہ اقبال ٹا ئون میں 82 افراد کی غسل و کفن کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ایدھی ہوم لاہور میں اس وقت 294 افراد زیرِ کفالت ہیں، جبکہ گزشتہ ماہ 83 افراد کو ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا گیا۔ ایدھی فا ئونڈیشن کے فری لنگر سے روزانہ 13 ہزار 500 مستحق افراد نے ایک وقت کا مفت کھانا حاصل کیا۔ ترجمان کے مطابق ادارہ بانی عبد الستار ایدھی کے مشن کے تحت بلاامتیاز انسانیت کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ایدھی کنٹرول روم نمبر 115 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔