یومِ اقبال پر عام تعطیل کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹ) یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں 9 نومبر کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ وفاقی حکومت نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کے سلسلے میں 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویڑن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے بھی 9 نومبر کو یومِ اقبال کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول بند رہیں گے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ضروری ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔