لاہور(آئی این پی )بھارتی سموگ پاکستان سمیت پورے خطے کے لئےآلودگی کا باعث بن گئی ۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اسموگ نے پاکستان سمیت پورے خطے کی فضا کو زہر آلود کر دیا ہے، سرحد پار سے آنے والی آلودگی لاہور، بالائی پنجاب اور سرحدی اضلاع کی فضا کو خطرناک حد تک زہریلا بنا رہی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائی آلودگی خلا سے بھی واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے، ناسا کے MODIS اور VIIRS سینسرز اور یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے ) کے Sentinel سیٹلائٹس خلا سے بھارت کی فضا میں مسلسل پھیلی ہوئی آلودگی کی تہہ کی نشاندہی کرتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں فضائی آلودگی کے اضافے کی بنیادی وجہ بھارت میں فصلوں کی باقیات کو جلانا ہے، بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں پرالی جلانے سے اٹھنے والا زہریلا دھواں سب سے پہلے پاکستانی سرحدی علاقوں کو نشانہ بناتا ہے‘دریں اثناء لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 338 ریکارڈ کی گئی۔