زندگی کے ہر شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے‘ مصنوعی ذہانت کا مثبت استعمال یقینی بنانا ہوگا
پیکا ایکٹ آزادی اظہار رائے پر قدغن نہیں، اس کا اطلاق صرف الیکٹرانک کرائم پر ہوتا ہے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے الیکٹرانک میڈیا کے آنے سے ریگولیشن فریم ورک بنے، آج کے دور میں جعلی اور غیرمصدقہ خبریں سب سے بڑا چیلنج ہیں، مصنوعی ذہانت کا مثبت استعمال یقینی بنانا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا زندگی کے ہر شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے یو این ڈی پی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، پائیدار ترقی کا مقصد موجودہ اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔معلومات کے پھیلاؤ سے زیادہ ان کی تصدیق ضروری ہے، سوشل میڈیا پر فیکٹ چیک کے نظام کو بہتر بنانا اہم ضرورت ہے، ڈیجیٹل میڈیا میں خصوصی کورسز متعارف ہونے چاہییں۔
انہوں نے کہا پیکا ایکٹ آزادی اظہار رائے پر قدغن نہیں، اس کا اطلاق صرف الیکٹرانک کرائم پر ہوتا ہے، آزادی اظہار رائے پر کوئی پابندی نہیں، ڈیفیمیشن لا کو بھی مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل محاذ پر جرائم کی روک تھام کے لیے قوانین مضبوط کیے گئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال کو روکنے کے لیے آگاہی ضروری ہے۔