پنجاب حکومت نے “معرکہ حق” کی یاد میں 8، 9 اور 10 مئی کو خصوصی تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 8 اور 9 مئی کو لبرٹی گول چکر پر بڑا کنسرٹ منعقد کیا جائے گا، جس میں قومی ترانے پیش کیے جائیں گے اور عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ایک بڑی اور شاندار تقریب میں شرکت کریں گی، جس میں حکومت اور عوام کے جذبات کی بھرپور عکاسی کی جائے گی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ دن ایک سال کی “کامیابیوں” کی علامت ہے اور ان کے مطابق چند گھنٹوں میں حاصل ہونے والی اس کامیابی کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں صرف اسلحے سے نہیں بلکہ جذبے سے جیتی جاتی ہیں اور پاک فوج کے پاس وطن کے دفاع کا بے مثال جذبہ موجود ہے۔انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان تقریبات کا مقصد ان ہی قربانیوں کو اجاگر کرنا ہے۔