بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا
لاہور(کرائم رپورٹر)ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1482ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 644افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔838معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (75فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 786ڈرائیوز،68کم عمرڈرائیور، 546مسافراور169پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ228ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی درالحکومت282متاثرین کے ساتھ پہلے ملتان 78حادثات میں 88متاثرین کے ساتھ دوسر ے،گو جرا نوالہ78حادثات میں 80متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1501متاثرین میں 1205مرد اور296خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 287افراد کی اوسط عمر18سال سے کم810افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ404زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1191موٹرسائیکلز،86آٹورکشے،142کاریں،26وین،11مسافر بسیں،31ٹرک اور113دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔