وسطی چین کے صوبہ ہونان کے علاقے Longhui میں ایک شخص لیو نے کھانے کے لیے بطخ کو ذبح کیا تو حیران کن طور پر اس کے معدے سے 10 گرام سونا نکلا، جس کی مالیت تقریباً 12 ہزار یوآن (تقریباً 4 لاکھ 86 ہزار پاکستانی روپے) تھی۔
لیو نے بتایا کہ وہ بطخ کو ایک دریا کے کنارے پالتا تھا، جہاں ماضی میں سونے کی کان موجود تھی۔ بطخ نے ممکنہ طور پر مٹی میں موجود سونے کے ذرات نگل لیے، جو ہضم نہ ہو سکے اور معدے میں پھنس گئے۔لیو کے والد نے کہا کہ یہ واقعہ نئے چینی سال کے موقع پر خوش قسمتی کی علامت ہے۔مقامی لوگ ماضی میں بھی بطخوں میں سونے کے ذرات دریافت کرتے رہے ہیں، لیکن اتنی بڑی مقدار پہلے کبھی نہیں ملی۔تاریخی طور پر اس دریا میں سونا نکالا جاتا تھا، مگر بعد میں حکومت نے اس کی تلاش پر پابندی عائد کر دی۔اب بھی اکثر بطخوں میں سونے کے چھوٹے ذرات پائے جاتے ہیں، جو مقامی افراد کے لیے حیران کن خوش قسمتی کا سبب بنتے ہیں۔یہ واقعہ نہ صرف مقامی افراد بلکہ عالمی میڈیا میں بھی حیرت کا باعث بنا ہے کیونکہ عام طور پر ایسے انوکھے اور خوش قسمت واقعات بہت کم پیش آتے ہیں۔